حکومت پاکستان کی اجازت کے بعد ملک کے ہوائی اڈوں سے جمعے کی رات 12 بجے سے بیرون ملک پروازوں کے لیے فضائی آپریشن بحال ہوگیا۔
ترجمان پاکستان سول ایوی ایشن رانا مجتبی نے اردو نیوز کو بتایا کہ ابتدائی طور پر پاکستان سے بیرون ملک پروازوں کو اجازت دی گئی یے۔ ‘پی آئی اے سمیت غیر ملکی کمپنیز پاکستان سے بیرون ملک پروازوں کو اجازت ہوگی اور کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے روکنے کے بنائے گئے ضابطہ کار پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا۔’
دوسری جانب حکومت نے اندرون ملک پروازوں  کی تعداد کو یکم جون سے بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس وقت اندرون ملک پروازوں کی تعداد کورونا وائرس کی صورتحال سے پہلے کے فلائٹ آپریشن کے مقابلے میں 20 سے 22 فیصد ہےجسے اب بڑھا کر 40 سے 45 فیصد تک کیا جا رہا ہے۔  بیان کے مطابق یکم جون سے پروازوں کی تعداد میں اضافہ اسلام آباد، کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ سے ہو گا۔
بین الاقوامی پروازوں کے بارے میں سول ایوی ایشن اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ملک کے ہوائی اڈوں سے جمعے کی رات 12 بجے سے بین القوامی پروازیں بحال کر دی جائیں گی تاہم صوبہ بلوچستان کے گوادر اور تربت ایئر پورٹ سے بین الاقوامی پروازوں پر پابندی عائد رہے گی۔ 
اعلامیہ کے مطابق تمام ملکی اور غیر ملکی فضائی کمپنیوں کو بین الاقوامی پروازوں کی اجازت ہو گی۔ 
اس سے قبل پاکستان میں پاکستان انٹر نیشنل ائیر لائنز اور چند غیر ملکی نجی ایئر لائنز کو خصوصی پروازوں کی اجازت دی گئی تھی۔ 
سول ایوی ایشن کے زرائع سے اردو نیوز کو معلوم ہوا ہے کہ 19 غیر ملکی کمپنیوں نے فوری طور پر پاکستان سے بین الاقوامی فضائی سروس شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ آج جمعہ کی رات سے ہی شروع ہو جائیں گی۔ 
سول ایوی ایشن کے زرائع نے اردو نیوز کو بتایا ہے کہ ابتدائی طور پر ہر بین الاقوامی اڈے سے یومیہ ایک فلائیٹ کی اجازت دی جائے گی جس میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ کورونا وائرس کے پیش نظر بین الاقوامی پروازوں کو 30 اپریل تک بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، بعد میں مزید 15 دنوں کی توسیع کر دی گئی تھی۔
گذشتہ فیصلے کے مطابق فلائٹ آپریشن 15 مئی سے بحال ہونا تھا جسے بعد میں31 مئی تک معطل رکھنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔
کورونا کے پیش نظر پاکستان نے پہلی بار 21 مارچ کو دو ہفتوں کے لیے تمام بین الاقوامی پروازیں معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ 
پاکستان میں 16 مئی سے اندرون ملک محدود پروازیں بحال کر دی تھیں۔
وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے ایک ویڈیو بیان میں کہا تھا کہ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) کے اجلاس میں ڈومیسٹک پروازیں بحال کرنے کا حتمی  فیصلہ کیا گیا۔
ان کے بقول ‘سماجی فاصلے کے اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے 50 فیصد نشستیں خالی رکھی جائیں گی۔’

Categories: Uncategorized

0 Comments

Leave a Reply

Avatar placeholder

Your email address will not be published. Required fields are marked *